امریکی دانشور اور فلاسفر نوام چامسکی نے کہا ہے کہ مغرب کو علم ہے کہ ریاض دہشت گردوں کی حمایت کر رہا ہے لیکن اسے نظر انداز کر رہا ہے-
اس امریکی دانشور اور فلاسفر نے علاقے میں سعودی عرب کے تخریبی کردار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یہ ملک مشرق وسطی میں انتہا پسند گروہوں کی حمایت کر رہا ہے-
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نوام چامسکی نے اپنے تازہ ترین بیان میں سعودی عرب کو داعش اور جبھۃ النصرہ جیسے دہشت گرد اور انتہاپسند گروہوں کا حامی قرار دیا ہے-
چامسکی نے لبنان کے المیادین چینل کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب کی شاہی حکومت ہر علاقے میں بنیاد پرست اسلامی گروہوں کی حمایت کر رہی ہے لیکن مغرب اور اس میں سر فہرست امریکہ ان کے اس اقدام سے چشم پوشی کر رہا ہے –
انہوں نے اس سلسلے میں کہا کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس باوجودیکہ جانتے ہیں کہ سعودی عرب، سب سے زیادہ انتہا پسند اسلامی ملک کی حیثیت سے ڈالروں اور ریالوں کے ذریعے اپنے اثرو رسوخ اور تسلط بڑھانے کے درپے ہے، لیکن وہ ریڈیکل اسلام کے مخالف نہیں ہیں کیوں کہ ان کی نظر میں سعودی عرب علاقے اور دنیا میں بہادرانہ کردار ادا کر رہا ہے-