ممبئی: ممبئی کے مختلف حصوں میں ہفتے کی صبح بھاری بارش کی وجہ سے جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا ریل اور ہوا ئی جہاز کی خدمات متاثر ہو ئیں۔
محکمہ موسمیات نے شہر میں مانسون کے دوران موسلادھار بارش ہونے کی پیشن گوئی کی تھی۔ ممبئی میں مانسون آنے کی عام تاریخ 10 جون ہے ۔
برھن ممبئی میونسپل (بی ایم سی) نے مقامی لوگوں کو بارش کی وجہ سے ہونے والی پریشانیوں سے بچانے کے لئے بہت سے احتیاطی قدم اٹھائے ہیں۔ شہر کے لوگوں کو اپنے اپنے گھروں کے اندر رہنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی وارننگ کے پیش نظر بی ایم سی نے اپنے تمام اعلی افسران کی ہفتہ کی چھٹی منسوخ کر دی ہے ۔
علاقائی محکمہ موسمیات نے ایک بیان جاری کر کے کہاکہ آٹھ جون سے موسلادھار بارش ہونے اور نو جون کو اس میں اضافے کے پیش نظر لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی صلاح دی گئی ہے ۔ اس دوران جب تک ممکن ہو، لوگ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلے اور موسم پر نظر رکھیں۔
ماہی گیروں کو بھی سمندر میں بہت اندر تک نہ جانے کوکہا گیا ہے ۔ پریل میں سڑک پر پھسلن کی وجہ سے ایک گاڑی کے پھسل جانے کے بعد ممبئی پولس نے لوگوں کو گاڑی چلانے کے دوران خاص احتیاط برتنے کی ہدایات دی ہیں۔ بھاری بارش کی وجہ سے 32 سے زائد پروازیں زیر التوایا منسوخ ہو گئی ہیں۔ لوکل ٹرین بھی 10-15 منٹ کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔