لکھنو : یوپی اسمبلی انتخابات میں اکھلیش کے خط کو لے کر سماجوادی کارکنان گھر گھر پہنچ رہے ہیں۔ یوپی میں سماج وادی پارٹی -کانگریس کے اتحاد نے باقی ماندہ مراحل کے الیکشن کے لیے انتخابی مہم کا نیا طریقہ اپنایا ہے۔ اکھلیش کے ذاتی خط کو لے ایس پی اور کانگریس کارکنان لوگوں کے گھروں تک پہنچ رہے ہیں۔ ذاتی خط پہنچانے کے پیچھے کانگریس کے انتخابی مشیر پرشانت کشور کا دماغ بتایا جا رہا ہے۔
ہر اسمبلی حلقہ میں کم از کم 70 سے 100 کارکنان اس خط کے ساتھ اکھلیش کا پیغام پہنچا رہے ہیں۔ تقریبا پانچ لاکھ گھروں تک یومیہ یہ خط پہنچانے کا کام کیا جارہا ہے۔ خط کے ساتھ ایس پی -کانگریس اتحاد کی 10 ترجیحات کا کاغذ بھی ہے، جسے ‘ترقی کے دس قدم کا نام دیا گیا ہے ۔ اس میں اکھلیش-راہل گاندھی کی تصویر کے ساتھ یوپی کو یہ ساتھ پسند ہے نعرہ لکھا ہے۔ اس میں ایک پاکٹ کلینڈ بھی ہے۔
مانا جا رہا ہے کہ بڑے لیڈروں کے الیکشن مہم میں مصروف ہونے کی وجہ سے ایس پی -کانگریس اتحاد کے کارکنان کی ایک ٹیم وزیر اعلی اکھلیش یادو کا ذاتی خط ووٹروں تک پہنچا رہی ہے۔ خط پہنچانے والے کارکن سفید رنگ کی ٹی شرٹ پہنے ہوئے ہیں، جن پر لکھا ہے ‘دوبارہ اکھلیش اور ‘یوپی کو یہ ساتھ پسند ہے۔ اس میں ووٹرس سے ذاتی طور پر رابطہ قائم کرنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔