اعظم گڑھ: اترپردیش میں اعظم گڑھ کے بردہ علاقے میں بجلی کے ٹوٹے تار کی زد میں آجانے سے دو معصوم بچوں کی کرنٹ لگنے سے موت ہو گئی اس سے پورے گاؤں میں ماتم چھا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بردہ علاقے کے سونھرا گاؤں میں 15 دن پہلے 11 ہزار وولٹ کا تار ٹوٹ کر گرگیا تھا۔ دیہاتیوں نے کئی بار بجلی محکمہ کے ملازمین سے اس کی شکایت کی لیکن اس پرکوئی توجہ نہیں دی گئی۔ گاؤں والوں نے بعد میں گرے ہوئے تار کو کھمبے پر ہی لپیٹ دیا مگر بجلی آنے پر کھمبے سے کرنٹ کنیل کے درخت میں اترگیا۔ کل شام شیو کمار کو چار سال کا بیٹا سونو اور پرمود کا پانچ سال کا بیٹا آدرش کھیلے کھیلتے کنیل کے درخت کے پاس پہنچ گئے اور جیسے ہی انہوں نے پھول توڑنے کے لئے درخت کو ہاتھ لگایا دونوں کو کرنٹ لگ گیا اور وہ چلانے لگے ۔بچوں کی چیخ پکار سن کر لوگ وہاں پہنچے اور بری حالت میں جونپور ہسپتال لے کر جارہے تھے کہ دونوں بچوں نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔ اس حادثہ پر دیہاتیہ بے حد برہم ہیں انہوں نے اس دلدوز حادثے کے لئے بجلی محکمہ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور ضلع انتظامیہ سے ان کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے ۔