نیویارک : اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی ہائی کمشنر یانگی لی نے میانمار میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں کے قتل عام کی منصفانہ جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ یانگی لی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ روہنگیا میں مسلمان آبادی کو بدترین ریاستی مظالم کا سامنا ہے۔
مسز یانگی نے جنیوا میں سالانہ اجلاسوں کے دوران کہا کہ رپورٹ میں روہنگیا میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا پوری طرح احاطہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں مسلمانوں کے علاوہ دیگر اقلیتوں کے حقوق کی پامالی پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق روہنگیا کی مسلم اقلیت عرصہ دراز سے ریاستی مظالم کا شکار ہے ، مگرمقامی حکومت عالمی اداروں کی طرف سے بار بار مظالم بند کرانے کے مطالبات کو مسلسل نظرانداز کررہی ہے۔ روہنگیا میں پولیس اور فوج کی طرف سے مسلمانوں کا وسیع پیمانے پر قتل عام اور اجتماعی عصمت ریزی کے واقعات میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روہنگیا کے مسلمانوں پر 2012ء 2014ء کے دوران ڈھائے جانے والے مظالم کی جانچ کی جائے اور مسلمانوں کے قتل عام اور آبرو ریزی کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔