وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے پارلیمنٹ میں عام بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دو دہائیوں سے کسٹم ڈیوٹی میں کمی کرنے کی پالیسی رہی ہے لیکن اس مرتبہ میک ان انڈیا کو رفتار دینے کے مقصد سے خام مال کے طور پر استعمال ہونے والی چیزوں پر کسٹم ڈیوٹی میں جہاں کمی کی گئی ہے وہیں ڈومیسٹک ویلو ایڈیشن کے لئے کچھ پروڈکٹس پر اس میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ خصوصی شعبوں مثلاَ فوڈ پروسیسنگ‘ الیکٹرانکس‘ آٹو کل پرزوں‘ فٹ وےئر اور فرنیچر میں ڈومیسٹک ویلو ایڈیشن کی وسیع تر گنجائش ہے۔ اسے دھیان میں رکھتے ہوئے کاجو پروسیسنگ صنعت کی مدد کرنے کے مقصدسے خام کاجو پر ایکسائز ڈیوٹی پانچ فیصد سے گھٹا کرڈھائی فیصد کرنے کی تجویز ہے۔