چار پولیس اہلکاروں کو کیا گرفتار
احمد آباد : گجرات کے اونا میں دلت کی پٹائی کے معاملہ میں سی آئی ڈی نے 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا ہے۔ ان پولیس اہلکاروں میں ایک پولیس انسپکٹر، ایک سب انسپکٹر اور 2 کانسٹبل شامل ہے۔ سی آئی ڈی نے اپنی چارج شیٹ میں الزام لگایا ہے کہ دلتوں کی پٹائی میں پولیس اہلکاروں کی ملی بھگت تھی ۔ خیال رہے کہ ان پولیس اہلکاروں نے ہی ملزموں کو بچانے کے لئے گائے چوری کی فرضی شکایت بھی درج کرائی تھی، لیکن سی آئی ڈی کی جانچ میں جلد ہی سبھی معاملوں کا انکشاف ہو گیا۔ سی آئی ڈی کی چارج شیٹ کے مطابق مقامی پولیس اہلکاروں کی ملی بھگت سے ہی دلتوں کی پٹائی کو انجام دیا گیا تھا۔ سی آئی ڈی کرائم ذرائع کے مطابق واقعہ کے اگلے دن گائے چوری کی فرضی شکایت درج کرائی گئی، پولیس بخوبی جانتی تھی کہ شکایت فرضی ہے ، اس کے باوجود اس کے سرکاری دستاویز بنائے گئے۔
ذرائع کے مطابق فرضی گئو رکشکوں کے ساتھ پولیس کی ملی بھگت تھی۔ گائے پہلے سے ہی مری ہوئی تھی ، جس کا چمڑا دلت نکال رہے تھے ، لیکن ایسا ماحول بنایا گیا کہ یہ دلت لڑکے گائے کو مار کر اس کا چمڑا نکال رہے ہیں۔ ایک دن پہلے ہی گائے شیر کا شکار ہوئی تھی۔ فارنسک رپورٹ میں بھی اس بات کا انکشاف ہوا کہ گائے پہلے ہی مری ہوئی تھی۔