ترکی میں پولیس نے ناکام بغاوت کے الزام میں ہیزمت تحریک کے رہنما فتح اللہ گولن کے بھائی قطب الدین گولن کو گرفتار کر لیا۔
ارنا کے مطابق ترکی کے صوبے ازمیر کی پولیس نے فتح اللہ گولن کے بھائی کو غازی امیر نامی علاقے سے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ فتح اللہ گولن کے بھائی قطب الدین کو پندرہ جولائی کی ناکام بغاوت کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے تاہم پولیس نے ان پر عائد الزامات اور مدت حراست کے بارے میں کچھ بتانے سے گریز کیا ہے۔ ترکی کے وزیر انصاف نے گذشتہ دنوں فتح اللہ گولن پر ناکام بغاوت میں براہ راست ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے امریکہ سے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں ترک حکومت کے خلاف فوجی بغاوت ہوئی تھی جس کا الزام امریکہ میں مقیم ترک رہنما فتح اللہ گولن پر لگا یا گیا تھا۔ ترک حکومت نے ناکام بغاوت کے بعد ملک بھر کے سرکاری اداروں سے فتح اللہ گولن کے حامیوں کو نکالنا شروع کر دیا ہے اور اب تک فوج، پولیس، عدلیہ اور محکمہ تعلیم سے ہزاروں افراد کو نکالا جا چکا ہے۔