استنبول:ترکی میں بغاوت کی کوشش ناکام ہونے کے بعد استنبول میں اتوار کو جمہوریت کی حمایت میں حکمران اور اہم اپوزیشن جماعتوں کے ہزاروں حامیوں نے ایک ساتھ ریلی نکالی اور تختہ پلٹنے کی کوشش کی مذمت کی۔
اتحاد کے جذبے کے اظہارکے لئے لوگوں نے استنبول کے تقسیم چوک پر ” جمہوریت” ریلی میں شرکت کی۔ اس سے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کو ملک پر اپنی گرفت مضبوط کرنے میں مدد ملیگی۔
واضح رہے کہ بغاوت کی ناکام کوشش کے دوران 246 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور 2000 دیگر زخمی ہو ئے تھے ۔
سرخ پرچم لہراتے ہو ئے لوگوں کی اس ریلی کا انعقاد اپوزیشن پارٹی سی ایچ پی کی جانب سے کیا گیا تھا لیکن اسے صدر اردگان کی اے کے پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی بھی حمایت حاصل تھی۔ ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے حکومت حامی چینلوں نے اہم اپوزیشن سی ایچ پی لیڈر کمال کلکداروغلوکی طرف سے کی گئی تقریر کو براہ راست نشر کیا۔
انہوں نے کہا، “یہ دن متحد ہونے ، بغاوت اور آمریت کے خلاف کھڑے ہونے اور لوگوں کی آواز سنی جا سکنے کے لئے ہے ۔”