افغانستان کے صوبہ ہلمند میں بم دھماکے میں سات عام شہری ہلاک ہو گئے۔
افغانستان کے صوبہ ہلمند کے مقامی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ صوبائی صدر مقام لشکرگاہ کے مضافات میں ہوئے بم دھماکے میں کم سے کم سات عام شہری مارے گئے ہیں جو ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے- صوبہ ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زواک نے کہا ہے کہ ایک پرائیویٹ موٹر گاڑی سڑک کے کنارے نصب بم سے بولان کے علاقے میں ٹکرا گئی جس میں سوار سات افراد ہلاک ہو گئے- تفصیلات کے مطابق مرنے والوں میں چار بچے اور دو خواتین شامل ہیں جو ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں- بعض خبروں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس بم دھماکے میں گیارہ افراد مارے گئے ہیں- یہ دھماکہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب افغانستان میں اقوام متحدہ کے دفتر نے اپنی رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ رواں عیسوی سال کے آغاز سے جون کے مہینے تک افغانستان میں کم سے کم تین ہزار سات سو چھبیس عام شہری تشدد آمیز واقعات اور دہشت گردانہ بم دھماکوں میں مارے گئے ہیں۔