خانہ کعبہ کا بیرونی غلاف یعنی کسوہ ہر سال 9 ذوالحجہ کو تبدیل کیا جاتا ہے۔ یہ ریشم ، کاٹن ، اور سونے چاندی کے تاروں سے تیار کیا جاتا ہے۔ کسوہ کی بلندی 14 میٹر ہوتی ہے۔ اوپر کے ایک تہائی حصے میں بیلٹ موجود ہوتی ہے جس کی چوڑائی 95 سینٹی میٹر اور لمبائی 47 میٹر ہوتی ہے۔ بیلٹ کے نیچے آیات قرآنی موجود ہوتی ہیں۔ یہ تمام علاحدہ فریموں میں تحریر ہوتی ہیں۔ درمیانی خلاؤں کے بیچ قندیل کی شکل کے اندر “يا حي يا قيوم، يا رحمن يا رحيم، الحمد لله رب العالمين” تحریر ہوتا ہے۔ بیلٹ پر بہت نمایاں طور پر کڑھائی کی جاتی ہے اور یہ چاندی کے تاروں سے بھری ہوتی ہے جس پر سونے کا پانی چڑھا ہوتا ہے اور پورے خانہ کعبہ کا احاطہ کرتی ہے۔ کسوہ میں کعبے کے دروازے کا پردہ شامل ہوتا ہے۔ ریشم سے تیار کیا گیا یہ پردہ 6.5 میٹر بلند اور 3.5 میٹر چوڑا ہوتا ہے۔ اس پر قرآنی آیات تحریر ہوتی ہیں اور اسلامی نقش ونگار منقش ہوتے ہیں۔
خانہ کعبہ کا کسوہ پانچ حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ ہر حصہ کعبے کی ایک سمت کو ڈھانپ لیتا ہے جب کہ پانچواں حصہ وہ پردہ ہوتا ہے جو کعبے کے دروازے پر لگایا جاتا ہے۔ ان تمام حصوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ملایا گیا ہوتا ہے۔