سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف صوبوں پر حملے کر کے بہت سے عام شہریوں کو خاک و خون میں غلطاں کر دیا ہے۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے بدھ کے روز یمن کے صوبہ صعدہ کے علاقے الملیل پر چھے بار بمباری کی جبکہ صوبہ الجوف کے علاقے الغیل پر دو بار حملے کیے۔
درایں اثنا یمن کے وسطی صوبے مارب کے علاقے المخدرہ میں یمنی فوج اور آل سعود کے پٹھو افراد کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں کئی سعودی ایجنٹ ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
یمنی فوج نے اسی طرح صوبہ الجوف کے علاقے الغیل کے جنوبی علاقوں میں تین اسٹریٹجک اڈوں کو سعودی ایجنٹوں سے پاک کر دیا ہے اس کارروائی کے دوران کئی سعودی ایجنٹ ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
دوسری جناب سعودی ایجنٹوں نے صوبہ مارب کے علاقے صرواح پر راکٹوں اور توپ خانے سے حملہ کیا ہے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق یمنی فوج نے سعودی عرب کے جنوبی شہر جیزان کے علاقے نقطقہ الخوبہ میں سعودی عرب کے فوجی اڈے الشبکہ پر تیس سے زائد راکٹ اور مارٹر گولے فائر کیے۔
خبری ذرائع کا کہنا ہے کہ یمنی فوج نے نجران شہر کے قریب فوجی اڈوں اور سعودی عرب کے اندر عسیر میں کئی اور اڈوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔