یمن کے مختلف رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے وحشیانہ حملوں میں متعدد عام شہری شہید و زخمی ہو گئے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے شمالی یمن کے صوبے عمران کے شہر حرف سفیان پر شدید بمباری کی جس میں چار عام شہری شہید اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبے صعدہ کے علاقے باقم کو بھی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں متعدد عام شہری شہید و زخمی ہوئے اور رہائشی علاقوں کو بھاری نقصان پہنچا۔ سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار سیکورٹی دستوں نے بھی سعودی عرب کے ظہران علاقے کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا جن میں چالیس سے زائد سعودی ایجنٹ ہلاک اور ان کے نو ٹینک و بکتر بند گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ دوسری جانب یمن کے نائـب وزیر نقل و حمل، عبداللہ العنسی نے کہا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کے حملوں میں یمن کے نقل و حمل کے شعبے کو تقریبا ڈھائی ارب ڈالر کا نقصان پہنچ چکا ہے۔