حیدرآباد : تلنگانہ کے مسلمانوں کی سماجی اور معاشی حا لات کا جائزہ لینے کے لئے قائم سدھیر کمیشن آف انکوائری کی رپورٹ کا جاری کردی گئی ۔ اسی کے ساتھ ہی تلنگانہ اسٹیٹ بیک ورڈ کلاس کمیشن نے مسلمانوں کو ریزرویشن کی فراہمی کے لئے 14دسمبرسے 17 دسمبر تک حیدرآباد میں عوامی سماعت کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ تلنگانہ کی ٹی آرایس حکومت نے مارچ 2015 میں ریاست کے مسلمانوں کی سماجی اور معاشی حا لات کا جایزہ لینے کے لئے ریٹائرڈ آئی ات ایس افسر جی سدھیر کی قیادت میں ایک کمیشن کا قیام کیا تھا ۔ کمیشن نے اس سال اگست میں وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ کو اپنی رپورٹ پیش کر دی تھی، جس کے بعد کمیشن نے اب اپنی ویب سایٹ پر پوری رپورٹ جاری کردی ہے ۔
سدھیر کمیشن آف انکوائری نے اپنی رپورٹ میں مسلمانوں کو سبھی شعبہ میں پسماندہ قراردیتے ہوئے ان کی ترقی کے لئے مثبت اقدامات کے ساتھ ساتھ تعلیم اور روزگار میں 9 فیصد ریزرویشن کی سفارش کی ہے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ سدھیر کمیشن کی رپورٹ کو مزید بااثر بنانے کے لئے مسلمان بی سی کمیشن کی سماعت کا بھرپور استعمال کریں۔
خیال رہے کہ مشترکہ ریاست آندھرا پردیش میں 2005 میں اس وقت کی کانگریس حکومت کی قائم کردہ بی سی کمیشن نے مسلم ریزرویشن کے لئےعوامی سماعت اور سروے کا انعقاد کیا تھا ، لیکن ہائی کورٹ نے کمیشن کی رپورٹ کے اعداد و شمار کو غیر تشفی بخش قراردیا تھا ۔