بیجنگ : چین نے ہندوستان کی جانب سے دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر پر اقوام متحدہ سے دہشت گرد اعلان کروانے کی کوشش پر لگائی اپنی تکنیکی رکاوٹ مزید آگے بڑھا دی ہے۔ خیال رہے کہ چین کی تکنیکی روک کی میعاد پیر کو مکمل ہو رہی تھی ۔ اگر چین نے دوبارہ اعتراض نہیں کیا ہوتا ، تو اظہر کو دہشت گرد قرار دینے والی قرار داد خود بہ خود منظور ہو جاتی ۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ہندوستان کی جانب سے مارچ 2016 میں 1267 کمیٹی کو سونپی درخواست پر تکنیکی روک کو پہلے ہی آگے بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی درخواست پر اب بھی اعتراضات ہیں۔ تکنیکی روک کے آگے بڑھ جانے کے بعد کمیٹی اور متعلقہ فریقوں کو غور و خوض کے لئے مزید وقت مل جائے گا۔
خیال رہے کہ سال رواں 31 مارچ کو چین نے پٹھان کوٹ حملہ کے ماسٹر مائنڈ مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دلانے کے ہندوستان کی کوششوں پر روک لگا دی تھی۔ سلامتی کونسل میں مستقل رکن ہونے کی وجہ سے چین کو ویٹو کا حق حاصل ہے۔
سلامتی کونسل کے 15 ممالک میں چین واحد ملک رہا ، جس نے ہندوستان کی درخواست کی مخالفت کی جبکہ 14 دیگر ممالک نے ہندوستان کی کوشش کی حمایت کی۔ 1267 کمیٹی کی فہرست میں اظہر کا نام شامل ہو جانے سے اس کی جائیدادیں ضبط ہو جائیں گی اور اس کے سفر پر بھی روک لگ جائے گی۔