نئی دہلی۔ پرجاپتی کی گرفتاری پر روک لگانے سے سپریم کورٹ کا انکار۔ اترپردیش کی اکھلیش حکومت میں کابینہ وزیر گایتری پرجاپتی کو آج اس وقت سپریم کورٹ سے جھٹکا لگا، جب عصمت دری کے معاملے میں گرفتاری وارنٹ پر روک لگانے سے متعلق ان کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ عدالت عظمی نے اپنے سابقہ حکم میں تبدیلی کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہے اور قانون اپنا کام کرے گا۔ پرجاپتی نے گرفتاری سے بچنے کے لئے عدالت عظمی کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ اکھلیش حکومت کے وزیر کی دلیل تھی کہ وہ ریاستی حکومت کی طرف سے کی جا رہی تحقیقات میں ہمیشہ شامل رہے ہیں اور آگے بھی ہوتے رہیں گے۔
عدالت نے گایتری پرجاپتی کو مشورہ دیا کہ وہ متعلقہ زیریں عدالت کے سامنے اپنی فریاد لے کر جائیں۔ پرجاپتی پر 2014 میں ایک خاتون کی عصمت دری کرنے اور اس کی بیٹی کو جنسی طورپرہراساں کرنے کا الزام ہے۔ گایتری پرجاپتی اسمبلی انتخابات میں امیٹھی سے سماجوادی پارٹی کے امیدوار ہیں۔ انہیں گزشتہ 27 فروری کو آخری بار ایک جلسہ عام میں دیکھا گیا تھا، اور تب سے وہ فرار ہیں۔