بیروت۔ شام میں انخلا کرائے جانے والے لوگوں کے قافلے پرخودکش بم دھماکہ میں 100 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ شام کے رشيدین خطے میں حکومت کے کنٹرول والے علاقے سے بسوں کے ذریعہ انخلا کرائے جانے والے لوگوں کے قافلے پر خود کش کار بم دھماکے میں کم از کم 100 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
آبزرویٹری کے مطابق حکومت اور باغیوں کے قبضے والے علاقوں سے لوگوں کو ایک معاہدے کے تحت ہفتہ کو بسوں سے باہر نکالا جا رہا تھا تبھی وہاں پر کار بم دھماکہ ہو گیا جس میں کم از کم 100 افراد ہلاک اور بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہو گئے۔ یہ خود کش کار بم دھماکہ تھا۔
آبزرویٹری کے مطابق دھماکہ حلب کے مضافات رشيدین میں ہوا۔ لوگ یہاں جمعہ سے ہی جانے کا انتظار کر رہے تھے۔ واقعہ کے بعد کئی زخمیوں کو ایمبولنس سے ہسپتال پہنچایا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ یہاں داعش کے قبضے والے علاقوں میں پھنسے لوگوں کوبحران سے نکالنے کے لیے چار شہروں کے لئے معاہدہ ہوا تھا۔ اس سے پہلے دسمبر میں پھنسے ہوئے لوگوں کو یہاں سے نکالنے کا منصوبہ ناکام ہو گیا تھا۔ اس وقت باغیوں نے لوگوں کو لے جانے والی بسوں میں آگ لگا دی تھی۔