اردو جرنلسٹ فورم نے کھولا محاذ
پٹنہ : خدا بخش لائبریری کی حالت دن بہ دن مزید خستہ ہوتی جا رہی ہے ، مگر حکومت کی کان پر جوں تک نہیں رینگتی نظر آرہی ہے اور کسی طرح کی کوئی پہل بھی ضروری نہیں سمجھا جا رہا ہے۔ یہی نہیں مخطوطات کیلئے برےصغیر میں مشہور اس لائبریری میں گزشتہ تین سال سے ڈائرکٹر کا عہدہ بھی خالی پڑا ہوا ہے۔آج خدابخش لائبریری کے بانی خدا بخش خان کا یوم پیدائش ہے۔ اس موقع پر لائبریری کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی خدابخش ڈے کی تقریبات کا تو انعقاد کیا جارہا ہے، لیکن تیاری نہیں کے برابر ہے۔ دراصل ڈائرکٹر کے نہ ہونے سے لائبریری کا پورا کام بند پڑا ہوا ہے۔ لائبریری بورڈ کے ممبران بھی لائبریری کی موجودہ صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں۔
ادھر ممبر پارلیمنٹ و این سی پی لیڈرطارق انور نے گزشتہ روز خدابخش لائبریری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ای ٹی وی سے بات کرتے ہوئے طارق انور نے کہا کہ خدابخش لائبریری ملک کی مشہور لائبریریوں میں سے ایک ہے ، لیکن اس وقت لائبریری پوری طرح سے خستہ حال ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں جہاں مرکزی حکومت پر سوال کھڑا کیا ، وہیں محکمہ ثقافت اور پی ایم او سے اس مسئلہ کو فوری طور پرحل کرنے کی اپیل کی۔
ادھر پٹنہ کی خدابخش لائبریری کی موجودہ صورت حال پر آل بہار اردو جرنلسٹ فورم نے بھی محاذ کھول دیا ہے۔ فورم کے صدر کے مطابق گزشتہ دوسال سے لائبریری میں تحقیق کا کام متاثر ہے ، لیکن ڈائریکٹر کی بحالی کے سوال پر حکومت اب تک آنا کانی کررہی ہے۔ فورم نے مرکزی حکومت کو اس مسئلہ کو جلد از جلد حل کرنے کی اپیل کی ہے۔لائبریری بورڈ کے ممبر ڈاکٹر رضی احمد کے مطابق خدابخش لائبریری میں 21 ہزار سے زیادہ نادر مخطوطات ہیں اور اس میں کئی ایسے مخطوطے بھی موجود ہیں ، جن کی کوئی دوسری کاپی دنیا کے کسی بھی دوسری لائبریری میں موجود نہیں ہے۔ پوری دنیاں سے ریسرچ کرنے والے لوگ پٹنہ کی اس لائبریری کا رخ کرتے ہیں ، لیکن ڈائریکٹر کے نہ ہونے کی وجہ سے لائبریری کا پورا نظام درہم برہم ہے اور تمام کام بند پڑے ہیں ۔معاملہ پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کانگریس کے لیڈراعظمی باری نے بتایا کہ دراصل یہ معاملہ پی ایم او سے جڑا ہوا ہے۔ لائبریری میں ڈائریکٹرکی بحالی کی فائل پی ایم او دفتر میں کئی سالوں سے پڑی ہوئی ہے ، لیکن اس پرکارروائی نہیں جارہی ہے، جس کے نتیجہ میں لائبریری کے پاس پیسہ رہتے ہوئے بھی لائبریری کسی طرح کا کوئی کام کرنے سے قاصر ہے۔