نئی دہلی۔ یوپی انتخابات میں تشہیر کے لئے کانگریس ایک نئی حکمت عملی بنا رہی ہے۔ انتخابات میں پرینکا گاندھی کانگریس کی اسٹار پرچارک ہوں گی۔ ٹیم پی کے ان کے لئے تشہیر کی حکمت عملی طے کر رہی ہے۔ اس بار پرینکا اپنے خاندان کی روایتی نشستوں رائے بریلی اور امیٹھی سے باہر نکل کر تشہیر کریں گی۔ یوپی کی تقریباً 250 سیٹوں پر وہ اسٹار پرچارک ہوں گی۔ گزشتہ انتخابات میں کانگریس کے رنراپ اور ونر رہے امیدواروں کے علاقوں میں پرینکا کے خاص جلسے منعقد کئے جائیں گے۔ یوپی اسمبلی انتخابات کو دیکھتے ہوئے ریلی اور دوروں میں اپنی طاقت جھونک رہی کانگریس تشہیری مہم کے دوران بھی کوئی رسک نہیں لینا چاہتی۔ انتخابی مہم پر خاص زور دیا جا رہا ہے۔ ابھی تک پرینکا صرف امیٹھی اور رائے بریلی میں ہی کانگریس کے لئے پرچار کرتی تھیں۔ لیکن اس بار ٹیم پی کے نے تشہیر کے لئے انہیں شامل کرتے ہوئے خاص حکمت عملی تیار کی ہے۔
مہم کے دوران پرینکا کچھ خاص میٹنگیں بھی کریں گی۔ یہ میٹنگیں ان علاقوں میں ہوں گی جہاں کانگریس کے ممبر اسمبلی ہیں یا جہاں 2012 کے انتخابات میں کانگریس امیدوار دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ کانگریس ممبران اسمبلی کی تعداد 28 اور دوسرے نمبر پر رہنے والوں کی تعداد 31 ہے۔ امید تو یہ بھی ظاہر کی جا رہی ہے کہ پارٹی اس بار سب سے پہلے ایسے ہی لوگوں کے ٹکٹ کا اعلان کرے گی۔ اس کے بعد نمبر آئے گا مغربی اتر پردیش کا۔ مغربی اتر پردیش میں اسمبلی کی تقریبا 140 سیٹیں بتائی جاتی ہیں۔ ان نشستوں پر کانگریس پوری طاقت لگا دینا چاہتی ہے۔
نوجوان پرچارکوں کے ساتھ ہوں گے تجربہ کار لوگ
یوپی کی 250 سیٹوں پر تشہیر کرنے کے لئے پرینکا گاندھی تنہا نہیں جائیں گی۔ انتخابی مہم کے دوران جہاں نوجوان چہرہ نظر آئے گا تو وہیں تجربہ کار لوگوں کی ٹیم بھی ساتھ ہوگی۔ یہ تجربہ کار ہوں گے پارٹی کے ہی پرانے عہدیدار۔ ایسے ہی سات عہدیداروں کی فہرست پر کام چل رہا ہے۔ کس علاقے میں پرینکا کے ساتھ کون تجربہ کار عہدیدار ہو گا یہ لسٹ میں موجود سات نام میں سے ہی طے کیا جائے گا۔ کانگریس کے ترجمان م افضل نے کہا کہ ہمیں انتظار رہے گا کہ پرینکا گاندھی تشہیر کرنے آئیں۔ ہم ان کا انتظار کریں گے۔ ان کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ یوپی انتخابات کے لئے یہ اچھی بات ہوگی۔ اس سے کارکنوں کو خوشی ہوگی۔