نئی دہلی : نوجوت سنگھ سدھو کی راہل گاندھی سے ملاقات پنجاب کی سیاست میں قیاس آرائی کا بازار گرم ہو گیا، جب بی جے پی کے سابق لیڈر اور کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں لیڈروں کی درمیان تقریبا 45 منٹ تک بات چیت ہوئی۔تاہم فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ کرکٹر سے سیاستدان بنے سدھو کب کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں، لیکن یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے ، جب راہل گاندھی پنجاب کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کے انتخاب کے لئے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں۔
میڈیا کی خبروں کے مطابق چندی گڑھ میونسپل انتخابات میں کانگریس کے مایوس کن نتائج کے کچھ ہی گھنٹے بعد یہ میٹنگ ہوئی ۔ خیال رہے کہ نوٹ بندي کے بعد اس انتخاب میں 26 میں 20 سیٹوں پر بی جے پی نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ صرف 4 نشستیں ہی کانگریس کے امیدوار جیتے ہیں۔ شرومنی اکالی دل کو صرف ایک نشست پر ہی مطمئن ہونا پڑا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ قبل ازیں بھی سدھو کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے ہائی کمان سے بات چیت کر چکے ہیں۔ عام آدمی پارٹی سے انہوں نے خود کو پنجاب کے وزیر اعلی کے امیدوار کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی تھی۔ قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ کچھ اس طرح کی ہی بات انہوں نے کانگریس سے بھی کی ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سدھو کی اہلیہ نوجوت کور پہلے ہی کانگریس میں شامل ہو چکی ہیں۔