کہا : لوگ مر رہے ہیں اور آپ کو کوئی فرق نہیں پڑتا
نئی دہلی : عدلیہ اور مرکزی حکومت کے درمیان تلخی ایک بار پھر سامنے آئی ہے۔ چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر نے سڑک حادثوں سے وابستہ ایک عرضی پر جوابی حلف نامہ نہ داخل کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی جم کر سرزنش کی ہے۔
جسٹس ٹھاکر نے حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے اوپر سوالات اٹھاتےہیں کہ ہم کام نہیں کرتے ، لیکن آپ خود کیا کر رہے ہیں؟ ٹھاکر نے کہا کہ 2013 کی درخواست پر تین سال بعد بھی جوابی حلف نامہ نہیں داخل کیا گیا۔ آپ کے پاس پوری مشینری ہے، محکمے ہیں اور پھر بھی آپ دیر لگا رہے ہیں۔ ہزاروں لوگ سڑکوں پر مر رہے ہیں ، مگر آپ کو کوئی فرق ہی نہیں پڑتا۔ جسٹس ٹھاکر کی سرزنش کے بعد اٹارنی جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ سڑک اور نقل و حمل کی وزارت کی جانب سے تین ہفتے میں جوابی حلف نامہ داخل کر دیا جائے گا۔