واشنگٹن۔ ٹرمپ مسلمانوں کےدشمن نہیں بلکہ حقیقی اور مخلص دوست ہیں۔امریکہ کے دورے پر پہنچے سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے پاس سعودی عرب کے وزیر دفاع کا عہدہ ہے۔ ٹرمپ کی طرف سے امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سرکاری طور پر شہزادہ محمد بن سلمان کی ڈونالڈ ٹرمپ سے یہ پہلی ملاقات ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق، شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ امریکا میں ان کے معاون خصوصی و مشیر نے کہا ہے کہ نائب ولی عہد اور امریکی صدر کے درمیان ہونے والی ‘تاریخ ساز ملاقات دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے نئے دور کانقطہ آغاز ہے۔’ نائب ولی عہد کے مشیر نے امریکی نشریاتی ادارے’بلوم برگ‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں شہزادہ محمد بن سلمان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی بات چیت کا تفصیلی احوال بیان کیا۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور شہزادہ محمد کے درمیان ہونے والی ملاقات نے دونوں ملکوں کو ایک بار پھر درست سمت میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں سیاسی، عسکری ، سیکیورٹی اور اقتصادی شعبوں سمیت کئی دیگر امور میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر امریکی صدرنے خطے کے مسائل کے بارے میں سعودی عرب کے اصولی موقف اور اس کے حل کے طریقہ کار کو توجہ اور انہماک سے سنا۔
سعودی عرب کے مشیر نےکہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلام کے بارے میں اپنے مثبت جذبات کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ سلمان نے امریکی صدر سے ملاقات کے دوران ان کے اسلام کے بارے میں احساسات وجذبات کو ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی افواہوں کے برعکس پایا۔
ٹرمپ عالم اسلام کے ساتھ سنجیدہ اور غیرمسبوق تعلقات کےقیام کے خواہاں ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے خیال میں صدر ٹرمپ مسلمانوں کےدشمن نہیں بلکہ حقیقی اور مخلص دوست ہیں۔ اسلام کے بارے میں ان کے منفی خیالات کی تشہیر مخالف ذرائع ابلاغ اورمنفی پروپیگنڈا ہے۔ اسلام کے بارے میں صدر ٹرمپ کے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کیاجاتا ہے۔