جے پور: راجستھان ہائی کورٹ جودھپور کی ایک بنچ نے 18 سال پرانے ہرن شکار کے دو الگ الگ معاملات میں سزا کے خلاف پیش کی گئی عرضیوں اور حکومت کی اپیلوں پر نچلی عدالت کے فیصلے کو پلٹتے ہوئے اداکار سلمان خان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا ہے ۔
جج نرمل جیت کور کی عدالت نے آج ہرن شکار کے دو مقدمات میں نچلی عدالت کی طرف سے سلمان کو سنائی گئی پانچ سال اور ایک سال کی دو مختلف سزاؤں کو معاف کرتے ہوئے انہیں بری کر دیا ہے ۔ اسی کیس میں دو معاملے اب بھی چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ (جودھپور ضلع) کی عدالت میں زیر غور ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سلمان خان اور بعض دیگر فلمی اداکاروں پر سال 1998 کے ستمبر مہینے میں بھواد میں ایک ہرن کے شکار اور گھوڑا فارم میں 2 ہرنوں کے شکار کا الزام لگا تھا جن میں سلمان کے علاوہ تمام دیگر افرادکو پہلے ہی بری کیا جا چکا ہے ۔
دوسری طرف وشنوئی سماج نے عدالت کے اس فیصلے پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے کو وہ سپریم کورٹ تک لے جائے ۔ وشنوئی سماج کے صدر شیورام نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اور محکمہ جنگلات، ماحولیات اور جنگلاتی حیات کے تحفظ کے تئیں ہمیشہ سے ہی لا پروا رہے ہیں۔