استنبول : روس کے صدر ولادمیر پوتن نے ترکی کے اپنے ہم منصب رجب طیب اردغان سے ملاقات کی جس کے دوران دونوں ممالک نے جنگ سے متاثر شام کے حلب شہر میں امداد فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ مسٹر پوتن نے ملاقات کی اطلاع دیتے ہوئے کہا ’ہم نے ملاقات کے دوران حلب شہر کو انسانی امداد مہیا کرانے پر اتفاق کیا۔ اب ہم چاہتے ہیں کہ وہاں لوگوں تک امداد محفوظ طریقے سے پہنچے‘۔
روس اس جنگ میں جہاں صدر بشار الاسد کی حمایت کر رہا ہے وہیں دوسری طرف ترکی باغیوں کی مدد کرکے اسد کو اقتدار سے ہٹانا چاہتا ہے۔ ترکی کے صدر اردغان نے کہا ’مسٹر پوتن کے ساتھ روس اور ترکی کے تعلقات کے سلسلے میں بات چیت ہوئی جس کے دوران شام کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ہمیں امید ہے کہ ہم حلب میں امن قائم کرنے کے اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے‘۔