نئی دہلی۔ آر بی آئی نے تمام بینکوں کو نوٹوں کی ٹریکنگ کی ہدایت دی ہے۔ نوٹ بندی کے فیصلے کے بعد بینکنگ نظام میں غیر قانونی طریقوں سے نوٹوں کو تبدیل کرنے کے متعلق میڈیا میں آنے والی رپورٹوں کے بعد ریزرو بینک نے سخت قدم اٹھایا ہے اور تمام بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے نوٹوں کی آمد پر پوری نگرانی رکھیں۔
آٹھ نومبر کو پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے نوٹ بند کرنے کے حکومت کے فیصلے کے بعد منی لانڈرنگ اور نوٹوں کو غیر قانونی طریقے سے تبدیل کرنے کے کئی معاملے سامنے آئے ہیں اور ان میں بہت سے بینک ملازمین کو پکڑا گیا ہے ۔ بنگلور میں ریزرو بینک کے ایک ملازم کو بھی اس الزام میں سی بی آئی نے گرفتار کیا ہے۔
ریزرو بینک نے ان خبروں کے بعد اپنی طرف سے کارروائی شروع کرتے ہوئے تمام بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مرکزی بینک سے نکلنے کے بعد نئے نوٹوں کی آمد پر پوری نگرانی رکھیں۔ اس سلسلے میں مرکزی بینک کی طر ف سے آج بینکوں کو ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ مرکزی بینک نے بینکوں سے کہا ہے کہ اس کے یہاں سے نکلنے والے نئے نوٹوں کو ٹریک کیا جائے اور اس کی رپورٹنگ کے لئے ایک میکانزم بنے ۔
جعلی نوٹوں کو بازار میں پھیلانے کے کام میں مصروف لوگوں کی نشاندہی کرنے کے بینکوں کو حکم دیتے ہوئے ریزرو بینک نے کہا کہ وہ اپنی اپنی برانچوں میں سی سی ٹی وی کیمرے کی نگرانی میں رکھیں ۔ ریزرو بینک نے بینکوں سے کہا کہ وہ آٹھ نومبر سے 30دسمبر تک شاخوں اور کرنسی چیسٹ میں کام کے دوران سی سی ٹی وی کی ریکارڈنگ کو اگلے حکم تک محفوظ رکھیں۔