اٹاوہ: دلت بچیوں کی عصمت دری کے ملزم نے اتر پردیش میں اٹاوہ کی سیفئی میڈیکل یونیورسٹی کی چوتھی منزل سے کود کرخود کشی کر لی۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اوریا ضلع کے اجیت مل علاقے کے بھیکھے پور کے باشندہ سنجیو یادو عرف بھاٹیہ پر دلت بچیوں سے عصمت دری کا الزام تھا۔ اسی معاملے میں کل کو اس نے اوریا عدالت میں خودسپردگی کی تھی ۔اس نے عدالت میں ہی ڈائی پی کر جان دینے کی کوشش کی۔ اسے دو پولیس اہلکار آشیش کمار تیواری اور سنتوش گنگوار کی نگرانی میں علاج کے لئے اس سیفئی میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس کے خلاف قتل کی کوشش اور دو بدجنسی استحصال سمیت کئی سنگین معاملات درج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صبح سویرے دونوں پولیس اہلکار اسے ٹوائلٹ کے لئے لے گئے تھے ۔ سنجیو نے پولیس اہلکاروں کو چکما دے کر چوتھی منزل سے چھلانگ لگا دی جس سے اس کی موت ہو گئی۔