نئی دہلی : راجستھان میں ہندوستان –پاکستان سرحدی علاقے کے دورے کے دوسرے دن وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے باڑمیر ضلع میں بی ایس ایف کے مناباؤ سرحدی آؤٹ پوسٹ کا دورہ کیا ۔ بی ایس ایف کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان کبھی بھی کسی پر حملہ نہیں کرتا اور کسی کی سرزمین پر قبضہ کرنے کا ہمارا ارادہ بھی نہیں ہے ۔ ہماری وراثت واسودیو کٹمبکم ہے جس کا مطلب پوری دنیا ایک کنبہ ہے ۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم کبھی پہلے فائرنہیں کرتے لیکن اگر ہم پر حملہ ہوتا ہے تو جوابی کاروائی میں ہم گولیوں کی گنتی نہیں کرتے ۔
مخالف درجہ حرارت اور دشوار گزار ریگستانی علاقے کے باوجود بی ایس ایف کے عملے کے حوصلے کی ستائش کرتے ہو وزیر داخلہ نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت سرحدی بنیادی ڈھانچے اور ان کی خدمات کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کرے گی ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ کچھ مقامات پر باڑ جو تباہ ہوگئے ہیں انہیں جلد ٹھیک کر لیا جائے گا اور ان کا کچھ خاص عرصے کے بعد جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ لائٹنگ اور سرحد کے متوازی سڑک بھی تعمیر کی جائے گی تاکہ مؤثر طریقے سے سرحد کی گشت ہوسکے ۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ کچھ بی اوپی میں مناسب فون کی سہولت نہیں ہے ، وزیر داخلہ نے کہا کہ موبائل کنکٹیویٹی بہتر کی جائے گی اور سرحد کے قریب موبائل ٹاور لگائے جائیں گے۔ ساتھ ہی ساتھ بی او پی کو مزید سٹلائٹ فون فراہم کئے جائیں گے ۔
مسٹر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ان کی وزارت بلیٹ پروف جیکٹ کی کمی ختم کرے گی اور ہلکے بلیٹ پروف جیکٹ کے حصول پر غور کرے گی۔ انہوں نے کچھ بی او پی میں پانی کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پائپ کے ذریعہ پانی کی سپلائی کے امکان کے سلسلے میں ایک جائزہ لیا جائے گا۔