نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سوئٹزرلینڈ کے انصاف اور پولیس کی وزیر سمونٹا سومروگا سے ان ہندوستانیوں کے بارے میں معلومات مانگی ہے جن کے اکاؤنٹس میں وہاں کالا دھن جمع ہیں۔مسٹر سنگھ نے یہاں محترمہ سومروگا سے ملاقات کے دوران کہا کہ کالا دھن کرپشن کا بہت بڑا ذریعہ ہے اور اس سے نمٹنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان چاہتا ہے کہ سوئٹزرلینڈ ٹیکس معلومات کے تبادلے پر تعاون کرے ۔ وزیر داخلہ نے ہندوستانی پولیس افسران کو سوئٹزرلینڈ کی پولیس اکیڈمی میں انسداد طیارہ اغوا اور سائبر جرائم کے شعبے میں تربیت دینے کی بھی تجویز پیش کی۔اس موقع پر دونوں فریقوں نے تین معاہدوں پر بھی دستخط کئے ۔ ان میں سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے کے لئے باہمی ویزا چھوٹ معاہدہ، غیر قانونی طور سے ٖآنے جانے والوں کی شناخت اور انہیں واپس بھیجنے سے متعلق معاہدہ اور سفارت خانوں کے ملازمین اور ان کے پسماندگان سے متعلق سمجھوتہ شامل ہے ۔ مسٹر سنگھ نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے مقصد سے سوئٹزرلینڈ سے ہندوستانی صنعت کاروں کے لئے معتدل ویزا نظام شروع کرنے کو بھی کہا۔ ہندوستان سوئٹزرلینڈ کے شہریوں کو طویل مدت کے لئے ایک سے زیادہ انٹری ویزا جاری کرتا ہے ۔میٹنگ کے دوران قیدیوں کو وطن بھیجنے ، فوجداری مقدمات کی تفتیش میں تعاون سے متعلق معاہدے اور کالے دھن کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔