ڈاکٹروں نے بھی کھڑے کئے ہاتھ
نئی دہلی : دہلی اور این سی آر ان دنوں ایک پراسرار وائرل بخار کی زد میں ہے ۔ ابھی تک اس بیماری کی شناخت تک نہیں ہو پائی ہے، لیکن قہر ایسا کہ نوئیڈا کے ایک گاؤں میں اس سے 20 افراد کی موت کا دعوی کیا جا رہا ہے ۔
نوئیڈا کے ایک گاؤں میں ایسا کوئی گھر نہیں ، جس میں اس بخار کی علامات والے مریض نہ ہوں ۔ گاؤں میں میڈیکل کیمپ لگ چکا ہے اور خون کے نمونے لئے جا رہے ہیں ، لیکن ڈاکٹر بیماری کی پہچان ہی نہیں کر پا رہے ۔ باعث تشویش بات یہ ہے کہ اس بیماری کی علامات دہلی کے مریضوں میں بھی نظر آ رہی ہیں ۔
قابل ذکر ہے کہ نوئیڈا کے صرف آباد گاؤں میں ان دنوں ماتم کا ماحول ہے ۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اب تک 20 افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ ان میں ہر عمر کے لوگ شامل ہیں ۔ بچے، جوان، بزرگ اور خواتین ، سب کی موت ایک ہی طرح کی علامات والی بیماری سے ہورہی ہے۔ حال یہ ہے کہ ایسا کوئی گھر نہیں ، جہاں اس جان لیوا بیماری کا وائرس نہ پہنچا ہو ۔ ہر گھر میں کوئی نہ کوئی رکن بیمار ہے اور نوبت گاؤں میں صحت کیمپ لگانے تک کی پہنچ گئی ہے ۔ اس کیمپ میں لوگوں کی صحت کی جانچ کی جا رہی ہے ۔ خون کے نمونے لئے جا رہے ہیں اور ادویات دی جا رہی ہیں ۔ اس بیماری سے گاؤں میں خوف و دہشت کا ماحول ہے ۔