لکھنؤ:تقریباً دو ہفتے تک حبس اور گرمی کا سامنا کرنے کے بعد اترپردیش کے زیادہ تر علاقوں میں رک رک ہورہی بارش سے لوگوں کو راحت ملی ہے حالانکہ کچھ علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے انہیں دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔لکھنؤ میں آج صبح زور دار بارش سے کئی علاقے زیرآب ہوگئے ۔ کرشنا نگر، مویا، چارباغ اور حضرت گنج کے علاقے میں پانی بھرجانے کی وجہ سے لوگوں کو دفتر پہنچنے میں سخت دشواری پیش آئی۔ چار باغ ریلوے اسٹیشن کے باہر کا منظر جزیرہ کی طرح تھا ۔ گھٹنوں تک بھرے پانی سے گزر کر ٹرین پکڑنے کی جلدی میں کئی لوگ گر کر زخمی ہوگئے ۔ میٹرو کی تعمیر کے کام کی وجہ سے تنگ سڑکوں پر بارش کے بعد گھنٹوں جام لگا رہا۔
اس دوران گونڈا ، رائے بریلی، سیتا پور، باندا اور آگرہ میں بھی رک رک کر بارش ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی جزئی طور پر متاثر ہوئی۔ تاہم بارش کے بعد لوگوں کو حبس بھری گرمی سے فوری راحت ملی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے میں گونڈا اور شاردا نگر میں گیارہ سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ رائے بریلی میں دس سینٹی میٹر ، آگرہ میں نو سنٹی میٹر، سیتا پور میں آٹھ سنٹی میٹر، باندا ،بارہ بنکی، شاہ آباد، لکھنؤ اور پلیاکلاں میں پانچ پانچ سنٹی میٹر بارش ہوئی۔محکمہ نے آئندہ 24 گھنٹے میں مشرقی اترپردیش کے کچھ علاقوں اور مغربی علاقوں میں اکا دکا علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ اس دوران پروانچل کے اکا دکا علاقوں میں تیز بارش کے آثار ہیں۔