نئی دہلی : راہل گاندھی نے کہا کہ اگر حکومت نے انہیں نوٹ بندی پر بولنے دیا تو زلزلہ آ جائے گا۔ نوٹ بندی کو لے کر آج ایک بار پھر کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر حملہ بولا۔
انہوں نے نوٹ بندي کو اب تک کا سب سے بڑا گھوٹالہ قرار دیا۔ پارلیمنٹ نہ چلنے کے معاملہ پر صحافیوں سے بات چیت کے دوران راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ حکومت نوٹ بندي پر بحث سے بھاگ رہی ہے، ہم بحث کرنا چاہتے ہیں، لیکن حکومت ہمیں بولنے نہیں دے رہی ہے، کیوں کہ جب میں بولوں گا تو بھونچال آ جائے گا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن ایوان کے اندر نوٹ بندي پر عام لوگوں کی مشکلات کے سلسلہ میں بات کرنا چاہتا ہے، لیکن حکومت اس کے لئے تیار نہیں ہے۔
راہل نے کہا کہ نوٹ بندي پر وزیر اعظم مودی باہر بول رہے ہیں ، مگر ایوان میں بولنے سے ڈرتے ہیں، حکومت مجھے بولنے سے روک رہی ہے اور جب میں نوٹ بندي پر بولوں گا ، تو پورا ملک ہل جائے گا۔
حکومت بولنے نہیں دے رہی ، جب بولوں گا تو بھونچال آ جائے گا : راہل گاندھی
اس سے قبل جمعرات کو راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کے نوٹ بندي کے فیصلے کو پاگل پن قرار دیا تھا۔ راہل نے کہا تھا کہ اس احمقانہ فیصلے نے ملک کو برباد کر دیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ راہل گاندھی نے پے ٹی ایم کا مطلب ‘پہ ٹو مودی بتایا تھا۔