بنگلورو۔ راحت کریڈٹ کو آپریٹیو سوسائٹی کے نام سے غیر سودی بینک کا قیام عمل میں ایا ہے۔ اسلامی بینک کاری نہ صرف ایک اچھا نظریہ ہے ، بلکہ عملی طورپر بھی اس طرح کے ادارہ کا قیام ممکن ہے ۔ اس کی کئی مثالیں جماعت اسلامی ہند کی جانب سے مہاراشٹر میں پیش کی جارہی ہیں ۔
اسی سلسلہ میں ایوت محل ضلع کے پوسد میں راحت کریڈٹ کو آپریٹیو سوسائٹی کے نام سے غیر سودی بینک قائم کیا گیا ہے ۔ یہ اپنی نوعیت کا ساتواں ادارہ ہے ، جو لوگوں کو بلا سودی لین دین کی سہولت فراہم کررہا ہے ۔
جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر نے شروع میں مختلف بڑے شہروں میں غیر سودی ادارے قائم کئے ۔ وہاں کامیابی ملنے کے بعد اب چھوٹے شہروں میں بھی اس طرح کی شروعات کی ہے۔ یہ ساتواں ادارہ ہے ، جو راحت کریڈٹ کو آپریٹیو سوسائٹی کے نام سے ایوت محل ضلع کے پوسد میں قائم کیا گیا ہے ۔ ایک تقریب کے دوران جماعت کے ریاستی امیر مولانا توفیق اسلم کے ہاتھوں اس ادارہ کا افتتاح کیا گیا ۔
راحت کریڈٹ کو آپریٹیو سوسائٹی میں لین دین کے تمام معاملات غیر سودی بنیادوں پر ہوں گے ۔ اس ادارے کے ذریعہ ضرورت مند اور چھوٹے کاروبار کے لئے لوگوں کو قرض بھی دئے جائیں گے ۔ اسی طرح شہر کے تاجروں سے روزانہ سیونگ کے لیے دی جانے والی رقم جمع کی جائے گی ۔ ایک عام بینک میں جو سہولتیں ملتی ہیں ، اسی نوعیت کی تمام سہولیات اس ادارہ میں دی جائیں گی ۔