نیویارک : کینساس شوٹنگ کے بعد نیویارک میں ایک ہندوستانی لڑکی پر نسلی تبصرہ کیا گیا ہے۔ امریکہ میں نسلی تشدد میں ہندوستانی انجینئر سری نواس کے قتل کے بعد اب ایک ہندوستانی لڑکی پر نسلی تبصرے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ نیویارک کی رہنے والی ایکتا دیسائی کو ٹرین میں ایک شخص نے نہ صرف گالیاں دی ،بلکہ ملک چھوڑنے کیلئے بھی کہا ۔
ایکتا نے اپنے ساتھ ہوئے اس برتاؤ کا ویڈیو فیس بک پر پوسٹ کیا ہے۔ ایکتا نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ روز کی طرح وہ اپنے آفس سے لوٹ رہی تھی اور ٹرین میں تھی، جب اس شخص نے انہیں گالیاں دی۔ ایکتا نے جب اس کو نظر انداز کیا ، تو اس نے ساتھ میں کھڑی ایک دوسری ایشیائی خاتون کو گالیاں دی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں امریکہ کے کینساس میں ایک سابق فوجی کی فائرنگ میں ایک ہندوستانی انجینئر سری نواس کی موت ہو گئی تھی ، جبکہ ایک دیگر ہندوستانی شخص زخمی ہو گیا تھا۔ ایڈم گولیاں چلانے سے پہلے چلایا تھا ‘دہشت گرد اور ‘ہمارے ملک سے نکل جاؤ۔ دونوں ہی ایک ٹیکنالوجی کمپنی میں نوکری کرتے تھے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 2 مارچ کو کینساس کی فائرنگ کو غلط اور ‘نفرت پر مبنی قرار دیا تھا۔ ٹرمپ نے ہندوستانی انجینئر سری نواس کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور اس واقعہ کو انتہائی افسوس ناک بتایا تھا۔