لکھنؤ : کرکٹ کھلاڑی پروین کمار نے سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے پر سوالات اٹھنے کے بعد یو ٹرن لے لیا ہے۔ پروین کمار نے صفائی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سماجوادی پارٹی میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔ صرف وزیر اعلی اکھلیش کمار سے ملنے گئے تھے۔ کنبہ کے ارکان کے مطابق وہ سیاست میں نہیں جائیں گے۔ سرکاری ملازمت میں رہتے ہوئے ان کے سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے پر سوالات کھڑے ہونے شروع ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی یہ خبر آئی تھی کہ ہندوستان کے میڈیم پیس بالر پروین کمار سماجوادی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ایسی رپورٹیں آئی تھیں ، جن میں بتایا گیا تھا کہ لکھنؤ میں وزیر اعلی اکھلیش یادو کی موجودگی میں پروین ایس پی میں شامل ہوئے۔ خبروں میں بتایا گیا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کا امکان معدوم ہونے کے بعد انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ لیکن ایک دن بعد ہی ایس پی جوائن کرنے کی خبر پر پروین کے یو ٹرن نے سب کو چونکا دیا۔
قابل ذکر ہے یوپی 2017 اسمبلی انتخابات کو لے کر ریاست میں ہر طرف سیاسی سرگرمیاں تیز ہیں ۔ ایسے میں ہندوستانی ٹیم معروف چہرہ رہ چکے پروین کمار کو پارٹی میں لینا ، ایس پی کا 2017 انتخابات کے لئے نیا داؤ بھی ہو سکتا ہے ۔ پروین بنیادی طور پر میرٹھ کے رہنے والے ہیں اور فی الحال یوپی کی ٹیم سے گھریلو کرکٹ اور آئی پی ایل کھیل رہے ہیں ۔