نئی دہلی : تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج نصف رات سے پٹرول کی قیمت میں 2.21 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 1.79 روپے فی لیٹر کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں کے اس اعلان سے دہلی میں وی اے ٹی سمیت پٹرول 2.84 روپے اور ڈیزل 2.11 روپے فی لیٹر مہنگا ہو جائے گا۔
اس طرح آج آدھی رات کے بعد سے دہلی میں پٹرول 66.10 روپے فی لیٹر کی بجائے 68.94 روپے فی لیٹر ملے گا۔ وہیں، ڈیزل کی قیمت 54.57 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 56.68 روپے فی لیٹر پر پہنچ جائے گی۔
ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے آج بتایا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرول ڈیزل کی قیمتوں اور ڈالر کے مقابلے روپے کی زر مبادلہ کی شرح میں تخفیف کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ضروری ہوگیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 15 دنوں میں بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت تقریبا 20 فیصد بڑھ چکی ہے۔