نئی دہلی : پٹرول 1.29 اور ڈیزل 0.97 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔ نوٹ بندی سے پیدا کیش کی کمی کے درمیان نئے سال کے دن لوگوں پر مہنگائی کی بڑی مار پڑی ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔پٹرول1.29 روپے اور ڈیزل 0.97روپے مہنگا ہوگیا ہے ۔
ویٹ سمیت قومی دارالحکومت دہلی میں پٹرول کی قیمت 68.94 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 70.60 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت56.68 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 57.82 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ 16 دسمبر کو بھی پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 2.12 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 1.79 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے 30 نومبر کو پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 13 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 12 پیسے کی کمی کی گئی تھی۔پٹرول میں اس اضافہ سے قبل 15 نومبر، 2016 کو فی لیٹر 1.46 روپے کی کمی کی گئی تھی، جبکہ ڈیزل 1.53 روپے سستا ہوا تھا۔