پٹنہ: بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں واقع قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) کی خصوصی عدالت نے بودھ گیا کے مہابودھی مندر کمپلیکس میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکے معاملے میں آج حیدر علی سمیت پانچ افراد کو مجرم قرار دیا۔
این آئی اے کے خصوصی جج منوج کمار سنہا نے یہاں معاملے کی سماعت کے بعدملزم جھارکھنڈ کے رانچی کے حیدر علی، امتیاز انصاری، مجیب ا لله اور چھتیس گڑھ کے رائے گڑھ کے عمر صدیقی اور اظہر الدین قریشی کو تعزیرات ہند،کے مختلف دفعات سازش کرنے ، آتش گیر مادہ ایکٹ، دیگر ایکٹ اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے فنڈز کا بندوبست کرنے کا مجرم قرار دیا ہے۔ عدالت نے سزا پر سماعت کے لئے 31 مئی 2018 کی تاریخ طے کی ہے۔
الزام کے مطابق، 7 جولائی 2013 کو بہار کے گیا ضلع میں واقع بدھ مت کے مقدس مقام بودھ گیا کے مہابودھی مندر کمپلیکس میں سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے۔ ان بم دھماکوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مندر کے احاطے میں کئی بم کو ناکارہ کیا تھا ۔
بعد میں، کیس کی تحقیقات این آئی اے کو دی گئی۔ این آئی اے نے تحقیقات کے بعد چھ افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی، جن میں سے ایک ملزم نابالغ تھا جس کی سماعت جیووینائل جسٹس بورڈ (جےجےبي) نے کرتے ہوئے کچھ دن پہلے ہی اسے مجرم قرار دیا تھا۔ باقی دیگر پانچ ملزموں کی سماعت پٹنہ سول کورٹ واقع خصوصی عدالت میں ہو رہی تھی، جنہیں آج مجرم قرار دیا گیا ہے