حیدرآباد : حج مصارف کی رقم جمع کروانے کے لئے پین کارڈ یا فارم 60 بھرنا لازمی ہوا۔ ریاست تلنگانہ کے تمام منتخب عازمین حج سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ حج مصارف کی پہلی قسط کی رقم فی کس مبلغ 81,000روپئے حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں ڈپازٹ کرواتے وقت بینک میں پین کارڈ نمبر لازماً پیش کریں۔ اگر کسی کے پین کارڈ نہ ہو تو وہ فارم60 کی خانہ پری کرکے پیش کریں۔ اسپیشل افسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے ایک سرکولر کے ذریعہ یہ وضاحت کی ہے کہ حج مصارف کی پہلی قسط کی رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں جہاں کور بینکنگ کی سہولت ہو جمع کروائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ رقم 5 اپریل 2017 تک یا اس سے قبل جمع کروادی جائے۔ لیکن رقم جمع کرواتے وقت پین کارڈ کا نمبر بھی درج کروائیں یا پھر فارم 60داخل کریں جو کہ بینک کی برانچ میں موجود رہتاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینک میں 50,000روپئے یا اس سے زیادہ رقم جمع کروانے کیلئے یہ لازمی شرط ہے۔ تاہم حج کمیٹی کی معاملتوں پر کیش ہینڈلنگ چارجس وصول نہیں کئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جو عازمین آن لائن ادائیگی کرنا چاہیں وہ انٹرنیٹ بینکنگ ‘ ڈیبیٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کے لئے حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر مہیا ای پے منٹ آپشن استعمال کرسکتے ہیں۔ حج مصارف کی ادائیگی کے لئے چیک یا ڈیمانڈ ڈرافٹ قبول نہیں کئے جائیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ عازمین بینک میں ادائیگی کے بعد بینک کی رسید کی ایک کاپی دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں اور ایک کاپی اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ عازمین بینک چالان پر ان کا ریفرنس نمبر بھی لازماًدرج کریں‘ اس طرح یہ رقم راست ان کے نام پر جمع ہوگی۔ تمام عازمین کو بینک ریفرنس نمبر دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عام زمرہ کے تحت جن 330عازمین کا انتخاب عمل میں آیاہے وہ اپنا اصل پاسپورٹ ‘ایک عدد فوٹو اور میڈیکل اسکریننگ اور فٹنس سرٹیفیکیٹ بھی لازماً داخل کروادیں جبکہ دونوں محفوظ زمروں کے عازمین سے ان کے پاسپورٹ اور فوٹوز پہلے ہی حاصل کرلئے گئے ہیں‘ البتہ ان کو جمع کردہ رقم کی رسید اور میڈکل سرٹیفیکیٹ پیش کرنا ہے۔ مزید تفصیلات دفتر حج کمیٹی ‘ واقع حج ہوز فون نمبر040-23 29 8793. پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔