دبئی۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ایشیا کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں 56 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔ دبئی میں کھیلے گئے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے آخری روز ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کا اسکور 2 وکٹوں پر 95 رنز تھا تاہم مارلن سیمیولز اسکور میں کوئی اضافہ کیےبغیر محمد عامر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز کا کیچ بنے۔ سیمیولز کے بعد جرمین بلیک ووڈ بینٹگ کے لیے میدان میں آئے اور براوو کے ساتھ مل کر 21 رنز کا اضافہ کیا اور انھیں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے محمد نواز نے آؤٹ کیا۔ جرمین بلیک ووڈ نے 15 رنز بنائے تھے اور جب آؤٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز کا اسکور 116 رنز تھا۔
ڈیرن براوو نے پہلی اننگز کی طرح اپنی ذمہ دارانہ بلے بازی کو جاری رکھا اور چائے کے وقفے تک ویسٹ انڈیز کو 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز تک پہنچادیا تھا۔ چائے کے وقفے کے بعد براوو اور چیز نے اسکور کو193 رنز تک پہنچایا تھا کہ یاسر شاہ نے دونوں بلے بازوں کی 77 رنز کی شراکت کو ختم کردی اور پاکستان کو پانچویں کامیابی دلادی جس کے فوری بعد وہاب ریاض نے نئے آنے والے بلے باز ڈاؤریچ کو صفر پر آؤٹ کردیا۔ براوو نے اپنی ذمہ دارانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان جیسن ہولڈر کے ساتھ مل کر کھانے کے وقفے سے قبل اپنی سنچری مکمل کی اور ویسٹ انڈیز کے لیے میچ میں کامیابی کے امکانات کو روشن رکھا لیکن یاسر شاہ نے طویل انتظار کے بعد ان کی 116 رنز کی شاندار اننگز کا خاتمہ کرکے پاکستان کو بڑی کامیابی دلادی۔
براوو اور ہولڈر کے درمیان 69 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور جب براوو 263 رنز پر آؤٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 82 رنز درکار تھے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے آٹھویں آؤٹ ہونے والے بلے باز بشو تھے جو 3 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد میگوئیل کمنز کو مصباح الحق نے 277 کے مجموعے پر رن آؤٹ کیا جبکہ شینن گیبریل آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جو ایک رن بنا سکے تھے لیکن انھیں سرفراز احمد نے رن آؤٹ کیا یوں پاکستان نے تاریخی میچ میں کامیابی حاصل کی۔ جیسن ہولڈر نے آؤٹ ہوئے بغیر 40 رنز بنائے۔