لاہور۔ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل میچ لاہور میں منعقد کروانے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ میچ پانچ مارچ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ مختصر بیان کے مطابق یہ فیصلہ پیر کو شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں انعقاد کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور وزیر اعلی نے کابینہ کی کمیٹی برائے امن وامان اور دیگر صوبائی و وفاقی سکیورٹی اداروں کی مشاورت کے بعد یہ میچ منعقد کرنے کی منظوری دی۔ شہباز شریف نے فائنل میچ کے لیے بہترین انتظامات کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس موقع پر سو فیصد فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اس فیصلے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آٹھ سکیورٹی ماہرین نے اس موقع پر لاہور آنے کی حامی بھری ہے جن میں آئی سی سی کے دو ماہرین بھی شامل ہیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ قوم نے پیغام دے دیا ہے کہ وہ بلیک میل نہیں ہو گی۔ ان کے مطابق پاکستان آٹھ سال کرکٹ سے محروم رہا جس سے بہت نقصان ہوا اور اب غیرملکی کرکٹرز پاکستان آئیں گے اور کرکٹ جلد بحال ہوگی۔ چیئرمین پی ایس ایل نے کہا کہ فائنل کے ٹکٹ منگل سے آن لائن جبکہ آوٹ لیٹس پر بدھ سے دستیاب ہوں گے۔ اسٹینڈ کی ٹکٹ پانچ سو روپے جبکہ باکس سیٹ کی ٹکٹ چار، آٹھ اور بارہ ہزار کی فروخت کی جائیں گی۔
پاکستان میں شدت پسندی کی حالیہ نئی لہر کے دوران لاہور بھی ایک خودکش حملے کا نشانہ بن چکا ہے جس کے بعد یہاں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انعقاد پر سوال کھڑے ہو گئے تھے۔ تاہم اس حملے کے باوجود دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی صدارت میں منعقد ہونے والے پاکستان سپر لیگ کی پانچوں فرنچائزز ٹیموں کے اجلاس میں یہ میچ لاہور میں ہی منعقد کروانے پر اتفاق ہوا تھا۔
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فائنل کے انعقاد میں فوج کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اور اب پنجاب حکومت کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے امن و امان تمام انتظامات کا از خود جائزہ لے گی۔ خیال رہے کہ عالمی کرکٹرز کی ایسوسی ایشنز کی فیڈریشن فیکا لاہور میں فائنل کے انعقاد کو سکیورٹی کا خطرہ قرار دے چکی ہے اور اس کا موقف ہے کہ اس ضمن میں تمام کرکٹرز کو ‘ہائی سکیورٹی رسک’ سے آگاہ کیا جا چکا ہے اور اب یہ ان کرکٹرز پر منحصر ہے کہ وہ لاہور جانے کے بارے میں کیا فیصلہ کرتے ہیں۔