خلاف ورزی کے مرتکب ٹی وی چینل اور ریڈیو اسٹیش کا لائسنس معطل کردیا جائے گا
اسلام آباد۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) نے ملک میں بھارتی مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عاید کردی ہے۔ اس پابندی کا اطلاق 21 اکتوبر بروز جمعہ سہ پہر تین بجے سے ہوگا اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی ٹیلی ویژن چینل اور ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کا لائسنس اظہار وجوہ کا کوئی نوٹس جاری کیے بغیر معطل کر دیا جائے گا۔ پیمرا نے بدھ کو اتھارٹی کے چئیرمین ابصار عالم کے زیر صدارت اسلام آباد میں منعقدہ اپنے ایک سو بیسویں اجلاس میں بھارتی مواد نشر کرنے کے یک طرفہ حقوق کو وفاقی حکومت کی جانب سے
حاصل اختیارات کے تحت منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں سنہ 2006ء میں پاکستانی ٹی وی چینلوں اور ایف ایم ریڈیو اسٹیشنوں کو یک طرفہ طور پر بھارتی مواد (تحریری ،آڈیوز اور ویڈیوز) نشر کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ پیمرا نے اس پر پابندی عاید کرنے کے لیے حکومت سے رجوع کیا
تھا اور اس نے اس ضمن میں اتھارٹی ہی کو مکمل فیصلے کا اختیار دیا تھا۔
پیمرا نے قبل ازیں 15 اکتوبر کی رات بارہ بجے سے غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے انڈین ڈی ٹی ایچ اور ان پر بھارتی مواد نشر کرنے پر پابندی عاید کر دی تھی۔اس اجلاس میں اس پابندی پر عمل درآمد کے لیے جاری مہم کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔بھارت نے پہلے ہی اپنے ہاں ٹی وی چینلوں پر پاکستانی مواد نشر کرنے پر پابندی عاید کررکھی ہے۔ قبل ازیں پیمرا نے 31 اگست کو مقررہ حد سے زیادہ غیرملکی مواد نشر کرنے والے چینلوں اور غیر قانونی طور پر ڈی ٹی ایچ سیٹ فروخت کرنے والے تاجروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا تھا۔