پاکستانی پولیس نے انسانی جانوں سے کھیلنے والے ایک ایسے گروہ کو گرفتار کر لیا ہے جو مریضوں کو دھوکا دے کر ان کی ریڑھ کی ہڈیوں سے پانی نکال لیتا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کی اسلام آباد سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق پاکستانی حکام نے مریضوں کو دھوکا دے کر ان کی ریڑھ کی ہڈی کا پانی نکال لینے والے اس جرائم پیشہ گروہ کے پانچ ارکان کو پاکستانی صوبہ پنجاب کے ضلع حافظ آباد سے گرفتار کیا ہے۔ پاکستان میں انسانی جانوں سے کھیلتے ہوئے دھوکے سے مریضوں کے اعضا چوری کر کے طب کی مقامی بلیک مارکیٹ میں فروخت کیے جانے کے ایسے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق اس گروہ کے مشتبہ ارکان کی گرفتاری ان کا نشانہ بننے والی ایک خاتون کے رشتہ دار کی جانب سے دی گئی اطلاع کے بعد عمل میں آئی۔ جرائم پیشہ گروہ کے یہ ارکان اپنے متاثرین کو مفت جہیز دینے کا لالچ دے کر انہیں بتاتے تھے کہ اس پروگرام میں شرکت کے بعد مفت جہیز کی فراہمی اس عمل سے گزارے جانے سے مشروط ہے۔