سری نگر : ایل او سی پر پاکستان کی جانب سے پھر فائرنگ ہوئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ جاری ہے ۔ پاکستانی فوج کے نشانے پر رہائشی علاقے ہیں ۔ ہندوستانی فوج نے تقریبا ایک ہزار لوگوں کو ان کے گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا ہے ۔ ہفتہ کو دہشت گردوں نے پلوامہ میں فوج کے ایک قافلے پر حملہ بھی کیا تھا ۔
فوج نے بتایا کہ راجوری سیکٹر کے منكوٹ اور چٹی بكری میں پاکستان کی جانب سے فائرنگ کی جا رہی ہے ۔ خیال رہے کہ ہفتہ کی نوشیرا سیکٹر میں فائرنگ میں دو ہندوستانی شہریوں کی موت ہو گئی تھی ۔ جبکہ کئی زخمی ہو گئے تھے۔
پاکستان کی فائرنگ کا ہندوستانی فوج کرارا جواب دے رہی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ہندوستانی دیہات پر مارٹر اور چھوٹے ہتھیاروں سے حملہ کیا جا رہا ہے ۔ یہ حملہ گزشتہ چار دن سے جاری ہے ۔
لوگوں کو بنکروں میں بھی پناہ لینی پڑی ہے ۔ اس سے پہلے پاکستان کی فائرنگ رینج میں آنے والے ہندوستانی علاقوں کے اسکول کو تا حکم ثانی بند کر دیا گیا ۔ اسپتالوں کو بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ نیوز 18 کے مطابق ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔
وزارت دفاع کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل منیش مہتا نے ہفتہ کو بتایا تھا نوشیرا میں کنٹرول لائن کے قریب واقع ہماری چوکیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جاری ہے۔ انہوں نے ہفتہ کی صبح 7.15 بجے فائرنگ شروع کی ۔ فوج حملے کا معقول جواب دے رہی ہے ۔