کراچی۔ سپر لیگ کے دوران ’بک میکرز سے رابطہ‘ پر عرفان، ذوالفقار، شاہ زیب سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے بین الاقوامی سنڈیکیٹ سے مبینہ طور پر رابطے کے سلسلے میں شرجیل خان اور خالد لطیف کی معطلی کے بعد سنیچر کو محمد عرفان، شاہ زیب حسن اور ذوالفقار بابر سے پوچھ گچھ کی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹویٹ کیا ہے کہ بین الاقوامی سنڈیکیٹ سے مبینہ طور پر رابطے کے سلسلے میں اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا ہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر محمد عرفان سے پوچھ گچھ کی ہے۔ ’تحقیقات جاری رہیں گی۔ محمد عرفان کو فوری معطل نہیں کیا جا رہا ہے۔ پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے شاہزیب حسن اور ذوالفقار بابر سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔ یہ کھلاڑی (پی ایس ایل) کھیلتے رہیں گے۔‘
نجم سیٹھی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ پاکستان سپر لیگ کو بدعنوانی سے بچانے کے لیے چوکس رہے گا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین شرجیل خان اور خالد لطیف کے خلاف یہ کارروائی ایک بین الاقوامی سنڈیکیٹ سے مبینہ طور پر ان کے رابطے کے بعد عمل میں آئی ہے جو پاکستان سپر لیگ کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین شرجیل خان اور خالد لطیف کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو معطل کر دیا تھا اور ان دونوں کو وطن واپس بھیج دیا گیا۔ شاہ زیب حسن کراچی کنگز کی جانب سے کھیل رہے ہیں جبکہ ذوالفقار بابر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے یہ کارروائی پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ کے بعد کی۔ پاکستان سپر لیگ میں یہ اینٹی کرپشن کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔