بھونیشور اڈیشہ کے دارالحکومت بھونیشور میں تعلیم وتحقیق یونیورسٹی کے اسپتال میں ڈالیسس وارڈ کے انتہائی نگہداشت کے کمرے میں آج آگ لگ گئی، جس سے 23 مریض ہلاک ہوگئے جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔ آگ لگنے کے سبب سینکڑوں مریضوں کو منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔ دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثہ پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
فائر بریگیڈ کے محکمہ نے اسپتال سے مریضوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لئے 14 ایمبولینس اور دیگر گاڑیوں کو لگایا ہے۔ یہ اسپتال شہر کے مضافاتی علاقہ شامپر میں واقع ہے۔ اسپتال کے نائب صدر ڈاکٹر وسنت کمار پاتري نے بتایا کہ اسپتال کی پہلی منزل پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہو سکتی ہے۔
انتظامیہ نے آئی سی یو میں داخل اور وینٹی لیٹر پر رکھے تمام مریضوں کو محفوظ مقامات پر پہنچادیا ہے جبکہ دیگر وارڈوں سے بھی مریضوں کو باہر نکالا گیا ہے۔اسپتال کے عملے کی تمام کوششوں کے باوجود آگ تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے اسپتال میں افرا تفری مچ گئی۔ مریض اور دیگر لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے۔
ریاستی حکومت نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور دارالحکومت کے تمام اسپتالوں اور دیگر اسپتالوں کو نازک حالت والے مریضوں کو بھرتی کرنے کی ہدایات دی ہیں۔پولیس کمشنر وائی بی کھرانیہ اور سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچے اور بچاؤ مہم کا جائزہ لیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے میں بڑی تعداد مریض جھلس گئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔