نئی دہلی : گوا میں بی جے پی کو حکومت سازی کی دعوت کو کانگریس نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ گوا اسمبلی الیکشن کے نتائج میں کانگریس کے سب سے بڑی پارٹی ہونے کے باوجود گوا کی گورنر مردولا سنہا کی طرف سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو حکومت سازی کے لئے مدعو کئے جانے پر کانگریس نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ گزشتہ روز جاری ہونے والے ایک بیان میں آل انڈيا کانگریس کمیٹی کے لیڈر گریش گودھنکر نے بتایا کہ کانگریس کی قانون ساز پارٹی کے لیڈر بابو کیولیکر نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کیا ہے، جس پر کل صبح ساڑھے دس بجے سماعت کا وقت مقرر کیا گيا ہے۔
کانگریس کی طرف سے سینئر وکیل کپّل سبل اور ابھیشیک منو سنگھوی عدالت میں پیش ہوں گے۔ درخواست گزار نےہنگامی صورتحال میں سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ درخواست پر آج فوری سماعت ہو سکتی ہے۔
کانگریسی لیڈر نے مسٹر پاریکر کے وزیر اعلی کے طور پر حلف برداری کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اس کی آئینی حیثیت کو چیلنج کیا ہے۔ مسٹر پاریکر کل شام پانچ بجے گوا کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے والے ہیں۔ واضح رہے کہ مسٹر پاریکر نے وزیر دفاع کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔