زی منڈو چینل پر پیش کی جانے والی پہلی فلموں میں ریس ٹو بھی شامل ہے جس میں سیف علی خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے
انڈیا کی ایک میڈیا کمپنی نے امریکہ میں ہسپانوی زبان میں بالی وڈ فلموں کا چینل لانچ کیا ہے تاکہ وہ لاطینی امریکہ کے ناظرین کو بالی وڈ کی جانب متوجہ کر سکیں۔
میڈیا کمپنی زی انٹرٹینمنٹ انٹرپرائز نے کہا ہے کہ ان کی فہرست میں شامل تمام بالی وڈ فلموں کے ہندی زبان کے مکالموں کو ہسپانوی زبان میں پیش کیا جائے گا۔
٭ ترک ٹی وی ڈرامے لاطینی امریکہ میں مقبول
’زی منڈو‘ نام کا یہ چینل ہندوستانی فلموں کو ہسپانوی بازار میں پیش کرنے کی پہلی کوشش ہے۔
امریکہ کے بعد یہ کمپنی میکسیکو، کولمبیا، ارجنٹائن، پیرو اور چلی میں بھی اپنی توسیع کا خواہش مند ہے۔
خیال رہے کہ بالی وڈ فلمیں اپنے بے تحاشا ایکشن، گیت، رقص اور رنگ برنگے لباس کے لیے معروف ہے اور یہ نائجیریا، چین اور لاطینی امریکہ کے بعض علاقوں میں پہلے سے متعارف ہے اور اسے قدرے مقبولیت بھی حاصل ہے۔
بالی وڈ فلمیں اپنے ایکشن، گيت، رقص اور رنگ برنگے لباس کے لیے معروف ہیں
کمپنی کا خیال ہے کہ ہسپانوی زبان بولنے والے ممالک میں انڈیا سے تہذیبی مطابقت ہے اور بالی وڈ فلموں کے موضوعات ہسپانوی زبان میں سیریل دیکھنے والوں کو پسند آئیں گے۔
اپنے اشتہار میں کمپنی نے کہا ہے کہ وہ چینل کو ايچ ڈی یعنی ہائي دفینیشن میں پیش کریں گے اور مطالبے پر اضافی سٹریمنگ خدمات بھی فراہم کریں گے۔
کمپنی کی بین الاقوامی شاخ کے سربراہ امت گوئنکا نے کہا: ’ہمیں اعتماد ہے کہ زی منڈو کے پروگرام اپنی کہانی اور موضوعات کے لحاظ سے نئی سرحدیں عبور کریں گی کیونکہ یہ ہسپانوی زبان بولنے والوں سے مطابقت رکھتی ہیں۔‘
انڈیا کی سب سے بڑی میڈیا کمپنیوں میں سے ایک زی انٹرٹینمنٹ انٹرپرائزز کا دعویٰ ہے کہ وہ دنیا بھر میں ایک ارب لوگوں تک رسائی رکھتی ہے۔