ریو ڈجنیرو۔ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری اولمپک مقابلوں میں بدھ کے روز فٹبال کے سیمی فائنل میں برازیل نے ہنڈیورس کو چھ صفر سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے جہاں اس کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا۔ برازیل کی جانب سے اس میچ میں نیمار نے تیز ترین گول سکور کیا۔ انھیں گول سکور کرنے میں صرف 14 سکینڈ لگے۔ اولمپک مقابلوں میں 200 میٹر دوڑ کے سیمی فائنل میں دنیا کے تیز ترین ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے مقررہ فاصلہ 19.78 سکینڈ میں عبور کر کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے جبکہ ان کے سب سے مضبوط حریف جسٹن گیٹلن فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئے۔
جمیکا سے تعلق رکھنے والے یوسین بولٹ پہلے ہی 100 میٹر دوڑ میں طلائی تمغہ حاصل کر چکے ہیں اور اب ان کی نظریں 200 میٹر دوڑ میں اپنے آٹھویں اولمپک طلائی تمغے پر جمی ہوئی ہیں۔ امریکی ایتھلیٹ جسٹن گیٹلن نے 100 میٹر دوڑ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا لیکن سیمی فائنل میں وہ صرف تیسری پوزیشن ہی حاصل کر سکے۔ خواتین کے مقابلوں میں جمیکا ہی کی ایلائن ٹامسن نے سپرنٹ ڈبلز میں نیدر لینڈز کی عالمی چیمپیئن ڈیفین سکائپرز کو 200 میٹر دوڑ میں شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ٹامسن نے مقررہ فاصلہ 21.78 سکینڈز میں عبور کیا۔
خواتین کے ہاکی کے مقابلوں میں برطانیہ کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں تین صفر سے شکست دے کر پہلی مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس طرح برطانیہ کی ٹیم ایک اور طلائی یا چاندی کا تمغہ تو ضرور حاصل کر ہی لے گی۔
چین نے اولمپکس کے ٹیبل ٹینس مقابلوں میں اپنی برتری کو برقرار رکھا ہوا ہے۔ بدھ کے روز مردوں کے ٹیبل ٹینس کے فائنل میں چین نے جاپان کو شکست دے کر ریو اولپمکس میں ایک اور طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔اس طرح میڈل ٹیبل پر چین اور برطانیہ کے درمیان دوسری پوزیشن کے لیے مقابلہ سخت ہو گیا ہے۔ اس وقت برطانیہ کی ٹیم کل 50 تمغوں کے ساتھ دوسرے اور چین 54 تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ امریکہ بدستور سب سے اوپر موجود ہے۔
باسکٹ بال کے میچوں میں آخر کار امریکہ اور سپین کی مردوں کی ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ فرانس اورارجانٹائن ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ ان کے علاوہ آخری چار ٹیموں میں جگہ بنانے والی دیگر دو ٹیمیں آسٹریلیا اور سربیا کی ہیں جنھوں نے امیدوں سے کہیں بڑھ کر بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔