نئی دہلی : مسلم پرسنل لا بورڈ تین طلاق کی باریکیاں سمجھانے سوشل میڈیا پر آئے گا۔ تین طلاق معاملہ پر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ لوگوں تک اپنی بات رکھنے کے لئے بڑا قدم اٹھانے جا رہا ہے۔ شرعی قوانین کے بارے میں لوگ غلط فہمیوں کا شکار نہ رہو، اس کے لئے مسلم پرسنل لاء بورڈ سوشل میڈیا پر اپنی مضبوط موجودگی درج کرانے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
بورڈ نے ایک خصوصی سوشل میڈیا کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ، جو سوشل میڈیا کے مختلف ذرائع کے ذریعہ طلاق، شادی، حلالہ، وارثانہ حق اور خواتین کے حقوق سمیت تمام مسائل سے متعلق مسلم پرسنل لاء کے بارے میں واضح معلومات فراہم کرے گا۔
بورڈ کے سینئر ممبر مولانا یاسین عثمانی نے بتایا کہ ادارے کے سینئر عہدیداروں سمیت ایک بڑا طبقہ یہ محسوس کرتا ہے کہ جن ذرائع سے شرعی قوانین پر تنقید کی جا رہی ہے، انہی ذرائع پر اپنی موجودگی درج کراکر ایک مکمل تصویر سامنے رکھی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 15، 16 اپریل کو لکھنؤ میں بورڈ کی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں اس مسئلہ کو سامنے رکھتے ہوئے ایک سوشل میڈیا کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے قیام کے لئے بورڈ کے چیئرمین مولانا رابع حسنی ندوی اور سکریٹری جنرل مولانا ولی رحمانی اختیار دیاگیا ہے۔
مولانا عثمانی نے بتایا کہ اس کمیٹی کے بہت جلد قائم ہو جانے کی توقع ہے۔ بہت ممکن ہے کہ اس میں بورڈ کے ہی ایسے لوگوں کو شامل کیا جائے گا ، جو سوشل میڈیا پر ذاتی طور پر سرگرم ہیں اور شرعی قوانین کی ہر باریکی پر فوری طور پر رائے دے سکتے ہیں۔