کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نوری آباد کے مقام پر ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگئے۔ خبر کے مطابق متحدہ کے رہنما عامر خان نے بتایا کہ ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے دیگر عہدیداران حیدرآباد سے کراچی واپس لوٹ رہے تھے کہ سپر ہائی وے پر نوری آباد کے مقام پر ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ عامر خان نے بتایا کہ وہ بھی ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ کراچی واپس آرہے تھے تاہم وہ دوسری گاڑی میں سوار تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں فاروق ستار سمیت گاڑی میں سوار دیگر 3 افراد زخمی ہوئے۔
واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے متحدہ رہنما کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کی گاڑی ٹائر پھٹنے کی وجہ سے بے قابو ہو کر سڑک پر الٹ گئی جس کے باعث فاروق ستار اور گاڑی میں سوار دیگر افراد کو شدید چوٹیں آئیں۔ عامر خان کا دعویٰ تھا کہ حادثے میں فاروق ستار کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔ ادھر متحدہ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ڈاکٹر فاروق ستار حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں اور ان کو کراچی کے علاقے ناظم آباد میں اے او کلینک منتقل کیا گیا۔ انھوں ںے مزید کہا کہ گاڑی بلٹ پروف ہے تاہم حادثے کی وجہ سے گاڑی میں پیچھے بیٹھے ہوئے پولیس گارڈز شدید زخمی ہوئے۔
خواجہ اظہار الحسن نے بتایا کہ فاروق ستار کو کمر اور کندھے پر شدید اندرونی چوٹیں آئیں جبکہ پولیس گارڈز کی حالت تشویش ناک ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بعد ازاں رات دیر گئے ڈاکٹر فاروق ستار کو ناظم آباد میں قائم اے او کلینک منتقل کردیا گیا تاہم جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔ متحدہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حادثے کے دیگر زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔ ادھر متحدہ لندن سیکریٹریٹ سے تعلق رکھنے والے رہنما واسع جلیل نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ‘متحدہ کے بانی قائد الطاف حسین نے فاروق ستار کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے پر اپنی تشویش اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور ان کی جلد از جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے’۔